بھٹکل 13 مارچ (ایس او نیوز) سنیچر اور اتوارشب کو اچانک بھٹکل میں الیکٹری سٹی بند ہوجانے سے عوام کو سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ بالخصوص سکینڈ پی یو سی امتحان کے چلتے رات کے اوقات میں ایک رات کے بعد دوسری رات بھی بجلی بند ہوجانے سے عوام میں سخت ناراضگی پھیل گئی۔ سنیچرپوری رات جب بجلی فیل ہوئی تو بتایا گیا کہ کمٹہ مین لائن میں خرابی ہونے کی وجہ سے بھٹکل اندھیرے میں ڈوب گیا ہے، مگر اگلے روز یعنی اتوارشب کو بھی بجلی غائب ہوئی تو ناراض عوام رات کو ہی الیکٹری سٹی دفتر پہنچ کر آفسران کو آڑے ہاتھ لیا۔
ویسے تو عارضی طورپربجلی سپلائی بحال کردی گئی ہے، مگر بجلی کی انکھ مچولیاں مسلسل جاری ہے۔ اس تعلق سے گفتگو کرتے ہوئے بھٹکل ہیسکام کے اسسٹنٹ انجینر منجوناتھ نے ساحل آن لائن کو بتایا کہ سنیچر کو کمٹہ میں مین لائن میں خرابی کی وجہ سے بجلی چلی گئی تھی، مگر اتوارشب کو اچانک ہیبلے (حنیف آباد) میں موجود 5MVA کا بڑا ٹرانسفارمرخراب ہوگیا تھا جس کی وجہ سے پورے شہر کی بجلی بند ہوگئی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ٹرانسفارمر 2002 میں نصب کیا گیا تھا، یعنی 21 سال پورے ہوچکے ہیں۔ اس کودرست کرنے کی ہرممکن کوشش کی جارہی ہے۔
منجوناتھ نے بتایا کہ ہم نے مرڈیشور لائن سے عارضی طور پربھٹکل کے عوام کو بجلی بحال کردی ہے۔ آج پیر صبح ہبلی سے الیکٹری سٹی کے انجینر کی ٹیم بھی بھٹکل پہنچی ہے اور مرمت کا کام شروع کیاگیا ہے۔
منجوناتھ کے مطابق اس سلسلے میں ہم نے ہیسکام کے مینجنگ ڈائرکٹر محمد روشن (آئی اے ایس) کو واقعے کی جانکاری دی اوربھٹکل کے لئے نیا ٹرانسفارمر منظور کرنے کی درخواست کی۔ محمد روشن جو کاروار میں ضلع پنچایت کے چیف ایکزی کوٹیو آفسر رہ چکے ہیں، انہوں نے فوراً نیا ٹرانسفارمربھٹکل کے لئے منظورکیا ہے۔ مسٹر منجوناتھ نے بتایا کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ ایک ہی دن میں نیا ٹرانسفارمر منظورکیا گیا ہے منجوناتھ نے اس بات کے لئے محمد روشن کی ستائش بھی کی۔
منجوناتھ نے بتایا کہ منگل صبح کو ہوسپیٹ سے نیا ٹرانسفارمر بھٹکل کے لئے روانہ کیا جائے گا، منگل شام تک ٹرانسفارمر بھٹکل پہنچنے کی توقع ہے۔ ضروری ٹیسٹنگ اور ٹرانسفارمر کو نصب کرنے تک وقت لگے گا۔ اور اُس وقت تک مرڈیشور لائن سے عارضی طور پر بجلی فراہم کی جائے گی، چونکہ متعلقہ لائن سے پورے شہر کو بجلی سپلائی کرنا ممکن نہیں ہے، الگ الگ مقامات پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ کرنی پڑے گی جس کے لئے آدھے آدھے گھنٹہ کے لئے الگ الگ علاقوں کو بجلی سپلائی بند کرنا مجبوری ہے۔ انہوں نے عوام الناس سے درخواست کی کہ وہ ہیسکام کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ بدھ شام تک یا پھر جمعرات تک بجلی سپلائی متاثر رہ سکتی ہے جس کے دوران مسلسل بجلی بند نہیں کی جائے گی۔ البتہ بجلی کی انکھ مچولی جاری رہ سکتی ہے۔ اس موقع پر ہوناور سے تشریف فرما ہیسکام کے ایکزی کوٹیو انجینر لوک ناتھ نے بتایا کہ ہم لوگ خواہ مخواہ بجلی بند نہیں کرتے۔ ہمیں اس بات کا احساس ہے کہ بچوں کے سکینڈ پی یو سی امتحانات چل رہے ہیں اور گرمی کا موسم ہونے کی وجہ سے بھی لوگوں کو پریشانی ہوئی ہے، مگر ہم یقین دلاتے ہیں کہ منگل کو جیسےہی نیا ٹرانسفارمر بھٹکل پہنچے گا، اس کے نصب کرنے تک عوام کو تھوڑی بہت تکلیف ہوسکتی ہے۔ انہوں نے عوام الناس سے ہیسکام کے ساتھ تعاون کرنے کی درخواست کی۔